سرینگر،7اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سرینگر ۔مظفر آباد راستے پر ہفتہ واری بس سروس’’کارون امن‘‘ ایک ہفتہ ملتوی رہنے کے بعد آج بحال ہو گئی۔اس راستے پر تجارت منگل سے شروع ہو جائے گی۔ایک افسر نے یہاں کہا کہ پاکستان کے مقبوضہ کشمیر پی او کے حکام کے ساتھ گزشتہ ہفتے معاہدہ ہونے کے بعد سرینگر-مظفر آباد راستے پر بس سروس آج شروع کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ آج صبح 116مسافر پی او کے دارالحکومت مظفر آباد کے لئے روانہ ہوئے ۔ان میں پی او کے 110رہائشی شامل ہیں جو کہ یہاں اپنے رشتہ داروں کے پاس آئے تھے ان کے علاوہ جموں کشمیر سے چھ لوگ اپنے رشتہ داروں سے ملنے سرحد پار گئے ہیں۔اس راستے پر 21جولائی کو پی او سے آنے والے ایک ٹرک میں 66.5کلو گرام ہیروئن اور براؤن شوگر برآمد ہونے کے بعد تجارت ملتوی کر دی گئی تھی۔رکاوٹ کو دور کرنے کے لئے گزشتہ ہفتے کمان چوکی پر دونوں طرف کے حکام نے میٹنگ کی تھی۔